بنگلورو، 3؍نومبر (ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے کہاہے کہ شیموگہ لوک سبھا حلقے سے ان کے فرزند بی وائی راگھویندرا کی کامیابی یقینی ہے۔آج شکاری پور میں اپنے خاندان کے ساتھ حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپانے کہاکہ بجز رام نگرم باقی چاروں حلقوں میں بی جے پی کے لئے فضا انتہائی سازگار ہے، اسی لئے چاروں حلقوں میں بی جے پی کی جیت کا انہیں پورا یقین ہے۔ شیموگہ حلقے سے اپنے فرزند کی جیت کا صد فیصد یقین ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمکھنڈی اور بلاری میں بھی بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔ اس موقعے پر یڈیورپا نے ریاست کے سینئر سیاستدان آنجہانی ایم پی پرکاش کے فرزند ایم پی رویندرا کی موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ شیموگہ حلقے میں کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار مدھو بنگارپا اور بی جے پی امیدوار بی وائی راگھویندرا کے درمیان راست مقابلہ ہے۔ یہاں امیدواروں نے سابق وزیراعلیٰ جے ایچ پٹیل کے فرزند مہیما پٹیل بھی جے ڈی یو سے میدان میں ہیں۔ 6نومبر کو ان حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔